صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن اس موقع پر بطور میزبان شریک ہوئے اور یتیم بچوں اور مہاجر خاندانوں کے ساتھ گھل مل گئے۔

انہوں نے بچوں کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لیا اور انہیں چاکلیٹ، تحائف اور عیدی بھی دی۔ عید میلے میں شریک بچوں کی خوشی دیدنی تھی، جب کہ شرکاء کے لیے ظہرانے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اہلِ پاکستان کی جانب سے محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آئے ہیں اور پاکستانی عوام فلسطینیوں کے لیے دعاگو ہونے کے ساتھ اپنی مالی معاونت بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غزہ کے اندر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد اب بحالی منصوبوں کا بھی آغاز ہو چکا ہے، جب کہ مصر منتقل ہونے والے متاثرین کی میزبانی کے لیے بھی الخدمت کے رضاکار مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ قاہرہ سمیت دیگر علاقوں میں غزہ کے مہاجرین اور یتیم بچوں کی کفالت کا سلسلہ جاری ہے۔


اس سے قبل ڈاکٹر حفیظ الرحمن عید کے پہلے روز قاہرہ پہنچے، جہاں انہوں نے غزہ سے آئے مہاجرین اور یتیم بچوں کے ساتھ عید منائی۔

نمازِ عید کے بعد وہ الخدمت کے زیرِ انتظام رہائشی ٹاورز بھی گئے، جہاں مقیم فلسطینی خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کی ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے بچوں کے سر پر دستِ شفقت رکھا اور انہیں عیدی و تحائف دیے۔

بعد ازاں الخدمت فاؤنڈیشن کے قاہرہ کیمپ آفس میں عملے اور رضاکاروں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں جاری ریلیف سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ٹیم کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، مصر، غزہ فلسطین، لبنان، اردن اور ترکیہ میں متاثرینِ غزہ کے لیے سرگرم عمل ہے اور ان تمام ممالک میں خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کے لیے فلسطینی عوام کی خدمت ایک عظیم سعادت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ غزہ میں مکمل بحالی تک ریلیف اور بحالی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔