گروپ کے اہم مقابلے میں الجزائر اور آسٹریا کے درمیان سنسنی خیز میچ برابر رہا، تاہم بہتر گول ریٹ اور مضبوط دفاعی ریکارڈ کی بنیاد پر دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس نتیجے کے بعد ایران کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہی اور ورلڈکپ سے اس کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
آسٹریا کے لیے یہ کامیابی تاریخی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ ٹیم نے 72 برس بعد پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی ہے، راؤنڈ آف 32 میں آسٹریا کا مقابلہ مضبوط حریف اسپین سے ہوگا، جبکہ الجزائر کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
Iran narrowly knocked out of tumultuous World Cup on Austria s last-second goal https://t.co/jIatu11I7U pic.twitter.com/QamXmHYj0U
— The Independent (@Independent) June 28, 2026
دوسری جانب گروپ کے ایک اور اہم میچ میں ارجنٹینا نے اُردن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپنی مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی، ارجنٹینا کی جانب سے گیوانی، لاؤتارو مارٹینز اور لیونل میسی نے ایک، ایک گول اسکور کیا، جبکہ اُردن کی جانب سے واحد گول موسیٰ التماری نے کیا۔
ارجنٹینا نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز جیت کر مجموعی طور پر 9 پوائنٹس حاصل کیے اور بھرپور انداز میں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ادھر ایرانی ٹیم کی جانب سے پہلے ہی ٹورنامنٹ کے دوران فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا جا چکا تھا، تاہم گروپ مرحلے کے اختتام پر ایران ایونٹ سے باہر ہونے والی ٹیموں میں شامل ہوگیا، جبکہ آسٹریا اور الجزائر نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا کر اپنی مہم کامیابی سے جاری رکھی۔







