پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، دفاعی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل رابطہ کاری اور تعاون ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا پاکستان کی معیشت اور سیکیورٹی کے لیے دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امارات کی جانب سے فراہم کردہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان میں اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

میٹنگ کے دوران دفاعی تعاون اور سیکیورٹی کے شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ یو اے ای کی سلامتی اور استحکام براہِ راست پاکستان کی اپنی سلامتی سے جڑا ہوا ہے، اور یہ دونوں ممالک کے مضبوط اسٹریٹجک تعلقات اور دیرینہ شراکت داری کا تقاضا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔ اس کا مقصد دونوں برادر عوام کے مفادات کا تحفظ اور خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شیخ طحنون بن زاید النہیان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے منصوبے تیار کیے جائیں گے تاکہ دفاع، سیکیورٹی، اقتصادیات اور انسانی ترقی کے شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان موجود تاریخی تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کی تازہ مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی تعلقات مزید فروغ پائیں گے اور خطے میں مجموعی استحکام کو تقویت ملے گی۔