وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے سفارتی محاذ پر بے پناہ عزت اور شاندار کامیابی عطا فرمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے اس خطے اور پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہے تھے، مگر یہ شعلے دو ہفتے کے لیے بجھ گئے اور اللہ کے حکم  سے ہمیشہ کے لیے بھی بجھ سکتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ اس سارے عمل میں سیاسی اور عسکری قیادت ایک نقطے پر متحد تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں بھائی کو بھائی سے اور مختلف مکاتبِ فکر کے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی جا رہی تھی، بے پناہ اندرونی اور بیرونی سازشیں ہوئیں، مگر خدا نے یہ منظور نہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ جمعے کے روز ان کی دعوت پر امریکی اور ایرانی وفد پاکستان آئے گا اور ان مذاکرات کے نتیجے میں امن قائم ہونے کی امید ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اپنی وزارتِ خارجہ کی ٹیم کے ساتھ ایک مہینے سے دن رات محنت کرتے رہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی کئی راتیں جاگتے رہے۔ ان کے مطابق، جس طریقے سے فیلڈ مارشل نے امریکی اور ایرانی قیادت سے بات کی، اس کے بغیر سفارتی کامیابی حاصل نہ ہوتی۔

وزیرِ اعظم نے امریکی اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی درخواست کو پذیرائی دی اور امن کے لیے پاکستان کے خلوص اور سنجیدگی کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر صدر مسعود پزشکیان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دو ہفتے کے لیے عارضی سیز فائر کا اعلان کیا۔

شہباز شریف نے خلیجی ممالک، خاص کر سعودی عرب اور چین کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس پورے عمل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران سعودی عرب نے کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے اور ہم ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ راتوں کو جاگ کر طے کیا گیا یہ سفر کوئی معمولی بات نہیں۔ اس طرح کی بےلوث کوششیں پوری زندگی نہیں دیکھی جاتیں۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف مئی 2025 کی جنگ کے ہیرو ہیں بلکہ جس طرح امریکی اور ایرانی قیادت کے ساتھ دن رات شانہ بشانہ کام کیا، اس کے لیے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور میاں نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہر قدم پر معاونت اور رہنمائی فراہم کی۔