پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے فرنٹ لائن پوزیشنز پر موجود اہلکاروں کے ساتھ نمازِ عید ادا کی، جس کے بعد ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر وطنِ عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور ہر قسم کے خطرات کے باوجود مسلسل چوکسی کو سراہا. پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع کی پہلی اور مضبوط ترین صف ہیں جو ہر لمحہ قربانی کے جذبے سے سرشار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشتگردی کے چیلنجز کے باوجود مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے مکمل عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے کوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کوئٹہ میں حالیہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندستان اور اس کے نیٹ ورکس کی کارروائی ہے، جس کا مقصد ملک میں بدامنی پھیلانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ اور غیر انسانی اقدامات نہ تو پاک فوج کے عزم کو متزلزل کر سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم کے حوصلے کو کمزور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی سہولت کار کو بخشا نہیں جائے گا۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سرحدوں کے دفاع، قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا اصل پیغام قربانی، ایثار اور اتحاد ہے اور پاک فوج کے جوان اسی جذبے کے ساتھ وطن کے دفاع میں مصروف عمل ہیں۔
فوجی حکام کے مطابق دورۂ ژوب کے دوران سیکیورٹی صورتحال، سرحدی نگرانی اور آپریشنل تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔







