صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور مسلح افواج وطن کی سالمیت اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دباؤ یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔
صدر نے کہا کہ افواج پاکستان کی جوابی صلاحیت ہمہ گیر، بروقت اور فیصلہ کن ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان تصادم نہیں چاہتا، لیکن اگر کسی نے ملک کے امن کو کمزوری سمجھا تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔
صدر زرداری نے افغان طالبان رجیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے یہ گروہ ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ پاکستان نے برادر ممالک کی معاونت سے اسے راہِ اعتدال پر لانے کی کوشش کی، مگر کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر خونریزی کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر کو رسائی سے باہر کوئی نہیں ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں، اور افواجِ پاکستان اس عزم پر قائم ہیں کہ کسی بھی صورت قومی امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گی۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی افواج ہر قسم کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی جذبے کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے آراستہ ہیں، اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل استعداد رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کی کوشش کی ہے، تاہم ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔







