پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی تقریب میں شرکت کے لیے گلگت پہنچ چکے ہیں، تقریب کے موقع پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور اتحادی رہنماؤں کے درمیان آئندہ حکومتی امور اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم مشاورت بھی ہوگی۔
نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل وزیر اعلیٰ امجد حسین اور بلاول بھٹو زرداری کی باہمی مشاورت سے کی جائے گی، جبکہ مختلف محکموں کے قلمدانوں کی تقسیم پر بھی غور کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اتحادی جماعتوں کو بھی کابینہ میں مناسب نمائندگی دی جائے گی۔
Amjad Hussain Advocate will be sworn in as the Chief Minister of #GilgitBaltistan today@GBgovt @amjadhussainaza #RadioPakistan #News https://t.co/znkXrh8Ytg pic.twitter.com/Rx1Ig3sFtn
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) July 6, 2026
واضح رہے کہ 7 جون کو ہونے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں۔ بعد ازاں استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر اتحادیوں کی حمایت حاصل ہونے کے بعد پیپلز پارٹی نے حکومت بنانے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عمران ندیم بلا مقابلہ اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جبکہ پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین بھی بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔
یاد رہے کہ امجد حسین نے محرم الحرام کے احترام میں فوری طور پر حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ وہ 14 محرم الحرام کے بعد اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ اب آج حلف برداری کے بعد گلگت بلتستان میں نئی حکومت باقاعدہ طور پر اپنے انتظامی اور ترقیاتی امور کا آغاز کرے گی، جبکہ عوام کی توجہ نئی کابینہ کی تشکیل اور حکومت کی آئندہ ترجیحات پر مرکوز ہے۔







