الیکشن شیڈول سے متعلق منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا کہ صوبے میں شدید سردی، برف باری اور ناموافق موسمی حالات کے باعث مقررہ شیڈول کے مطابق انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں شریک سیاسی جماعتوں سے تفصیلی مشاورت کی گئی، جس کے دوران 13 سیاسی جماعتوں نے انتخابات ملتوی کرنے کی حمایت کی، جب کہ چھ جماعتوں نے موجودہ شیڈول کے مطابق ہی انتخابات کرانے کی تجویز دی۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق اکثریتی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ عوام، امیدواروں اور انتخابی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتخابات مؤخر کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن حالات کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی نئے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اس سے قبل 24 جنوری 2026 کو عام انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا تھا، تاہم موسمی صورتحال اور سیاسی جماعتوں کی رائے کے باعث اب اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔






