وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ تمام حجاج کرام کی عبادات، دعاؤں اور مناسک حج کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات اور اقدار کو اپنی عملی زندگیوں میں نافذ کرنے کی توفیق دے۔
انہوں نے کہا کہ حج کا عظیم اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کا عملی مظہر ہے، جہاں دنیا بھر سے آنے والے مسلمان رنگ، نسل اور زبان کے فرق سے بالاتر ہو کر ایک صف میں کھڑے ہوتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق محبت، ایثار، رواداری اور باہمی تعاون ہی کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں، اور انہی اصولوں پر عمل کرکے دنیا میں استحکام اور امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ایک ذمہ دار ملک عالمی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کے لیے دعا گو ہے اور یہ چاہتا ہے کہ دنیا میں عدل، انصاف، رواداری اور بھائی چارے کی فضا قائم ہو تاکہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں ممکن بن سکیں۔
مزید پڑھیں: جن قوموں نے اللّٰہ کی نعمتوں کی ناقدری کی وہ زوال کا شکار ہوئیں: خطبہ حج
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ حج کے بابرکت موقع پر امتِ مسلمہ میں اتحاد اور اتفاق مزید مضبوط ہوگا اور دنیا بھر کے مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور ہمدردی کے رشتوں کو مزید مستحکم کریں گے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام مسلمانوں کو حج مبارک کہتے ہوئے پوری امتِ مسلمہ کے لیے خیر، برکت، سلامتی اور امن کی خصوصی دعا بھی کی۔







