میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے انتہائی مشکل معاشی حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔  عالمی سطح پر معاشی بحران، مہنگائی اور غیر یقینی صورتحال کے اثرات ہر ملک پر پڑ رہے ہیں، تاہم حکومت اپنی تمام تر توجہ عوامی مسائل کے حل پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ بجٹ میں متوسط اور غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔ ان کے مطابق حکومت کی معاشی ٹیم مختلف شعبوں میں اصلاحات اور ریلیف اقدامات پر مسلسل کام کررہی ہے۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اگر خطے میں جنگی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز نہ ہوتے تو وزیراعظم ایک بڑا عوامی ریلیف پیکج دینے کا اعلان کرتے، تاہم موجودہ حالات کے باوجود حکومت عوام کو ہر ممکن سہولت دینے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے اور حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی استحکام آرہا ہے,  حکومت نے مشکل فیصلے کرکے معیشت کو سنبھالا اور اب عوام تک اس کے مثبت اثرات منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی نے کہا کہ سرحد پار سے دہشتگرد عناصر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں غیر قانونی سرحدی نقل و حرکت ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔

انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے اور بارڈر مینجمنٹ کو مؤثر بنائے,  افغانستان کو کسی دوسرے ملک کا آلہ کار بننے کے بجائے خطے کے امن اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا جبکہ پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بہادری کے ساتھ دہشتگرد عناصر کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور بہت جلد ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔

فلسطین کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بین الاقوامی معاہدے میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جاتا ہے اور فلسطینی قیادت اسے قبول کرتی ہے تو پاکستان بھی اس فیصلے کی حمایت کرے گا۔