وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی برقرار رکھتے ہوئے وسیع تر کفایت شعاری پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اعلامیے میں تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ دن سادہ اور پُروقار انداز میں منائیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ محدود تقریبات کے باوجود یومِ پاکستان کی اہمیت اور اس کا حقیقی پیغام اجاگر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی کفایت شعاری اقدامات کے تناظر میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی پریڈ اور اس سے منسلک تمام بڑی تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔ تاہم اس موقع پر سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ قوم کی یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی، استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جا سکے۔

مزید برآں، تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی اور وقار کے ساتھ منائیں تاکہ محدود وسائل کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اس کا اصل پیغام برقرار رکھا جا سکے۔