میڈیا رپورٹس کے مطابق، 27ویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 243 میں ترامیم شامل ہیں جن کا مقصد معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد آرمی چیف کو ملنے والے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی تحفظ دینا ہے۔
وزیرِ مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے تصدیق کی کہ ترمیم کا مقصد فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئین کا حصہ بنانا ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلانے کی سمری بھی ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، 27ویں آئینی ترمیم پر غور کے لیے سینیٹ کا اجلاس منگل جب کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
ترمیم کے مجوزہ نکات میں صرف فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی حیثیت دینا ہی نہیں بلکہ کئی دیگر اہم تبدیلیاں بھی شامل ہیں۔جن میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی، ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلوں کے لیے رضامندی کی شرط ختم کرنا (آرٹیکل 200 میں ترمیم)، این ایف سی میں صوبائی حصے کے تحفظ کا خاتمہ، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کی وفاق کو واپسی اورالیکشن کمیشن کی تقرری سے متعلق ڈیڈلاک ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
PMLN delegation headed by PM @CMShehbaz called on @AAliZardari & myself. Requested PPPs support in passing 27th amendment. Proposal includes; setting up Constitutional court, executive magistrates, transfer of judges, removal of protection of provincial share in NFC, amending…
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) November 3, 2025
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تصدیق کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے صدر آصف علی زرداری اور ان سے ملاقات کی اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ
حکومتی وفد نے 27ویں آئینی ترمیم میں حمایت کی درخواست کی ہے، جس میں آئینی عدالت کا قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی، ججوں کے تبادلوں کا اختیار، این ایف سی میں صوبائی حصے کے تحفظ کا خاتمہ، آرٹیکل 243 میں ترمیم اور دیگر نکات شامل ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید لکھا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چھ نومبر کو صدر آصف علی زرداری کی دوحہ سے واپسی پر طلب کیا گیا ہے، جس میں پارٹی کی پالیسی اور ترمیم پر حتمی موقف طے کیا جائے گا۔







