وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ انٹراویسکولر سرجری روایتی اوپن ہارٹ سرجری کا جدید، محفوظ اور مؤثر متبادل ہے۔ اس طریقۂ علاج میں خون کی نالی میں ایک چھوٹے سے سوراخ کے ذریعے انجیوپلاسٹی، اسٹنٹ اور ابلیشن جیسے جدید طبی اقدامات کیے جاتے ہیں۔

اجلاس میں چلڈرن ہسپتال، نشتر ہسپتال اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں کو انٹراویسکولر سرجری کی تربیت دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف میڈیکل سٹی میں امراضِ قلب کے جدید علاج کے طریقۂ کار متعارف کرانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سے اوکلاہوما ہارٹ ہسپتال کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر نعیم طاہرخیلی کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے رخسانہ فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں پنجاب میں ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے رخسانہ فاؤنڈیشن کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فاؤنڈیشن کی ہیلتھ اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے انٹراویسکولر سرجری کے لیے جدید طبی آلات کی خریداری کے اقدامات کی ہدایت کی۔