حکومتِ  پنجاب کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کچرے کو عالمی معیار کے مطابق الگ الگ جمع کرنے کے لیے یہ نظام ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال ستمبر میں پہلے مرحلے کے طور پر سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نافذ کیا گیا تھا، جسے اب تمام تجارتی اور سرکاری سیکٹرز تک بڑھایا جا رہا ہے۔

 حکم نامے کے مطابق رنگ دار کوڑے دان نہ لگانے کی صورت میں ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔

نئے نظام کے تحت پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ، پیکنگ میٹریل اور ردی، سبز ڈبوں میں بوتلیں، کانچ اور لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان، سرمئی ڈبوں میں پھلوں کے چھلکے، خراب کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں، لال ڈبوں میں لوہا اور دھاتی کچرا، جب کہ نارنجی ڈبوں میں پلاسٹک ویسٹ جمع کیا جائے گا۔

 اس کچرے کو بعد ازاں ری سائیکلنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ صوبے میں کچرے کی مجموعی مقدار کم ہو اور ماحول دوست رویے فروغ پائیں۔

حکم نامے کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) اس نظام پر عمل درآمد یقینی بنائے گا،  جب کہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگ دار کوڑے دانوں کی فراہمی اور انتظام میں کردار ادا کرے گا۔ تعلیمی ادارے پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر کے کچرا اٹھانے کی سروس حاصل کرسکیں گے۔

حکومت پنجاب نے اس اقدام کو اقوام متحدہ کے شہروں میں صفائی سے متعلق پائیدار ترقی کے اہداف کو پورا کرنے اور صوبے کو عالمی معیار کے مطابق صفائی کے نظام سے ہم آہنگ کرنے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔