پولیس حکام کے مطابق زخمی اہلکار کو علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس جوانوں نے دلیری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گرد کے حملے کو ناکام بنایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو بھی ہنگو میں ایک دہشت گرد حملے اور بم دھماکے کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق دھماکے میں ایس پی اسد زبیر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے پولیس موبائل الٹ گئی۔

ڈی ایس پی امجد حسین نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پہلے غلمینہ چیک پوسٹ کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، جس کی اطلاع ملنے پر ایس پی آپریشنز اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔

ان کے مطابق دوسرا دھماکا بلیامینہ کے مقام پر ہوا جس میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

یہ واقعہ ہنگو اور گرد و نواح میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی بڑھتی کارروائیوں کے تسلسل کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔