ادارہ نورِ حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے شہریوں، بچوں اور خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام نے اپنی قربانیوں سے دنیا کے سامنے اسرائیلی مظالم بے نقاب کر دیے ہیں۔
انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے کھربوں روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جب کہ مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر موٹر سائیکل سوار بھی بھاری لیوی ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اس کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور متوسط طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آج بھی ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی، جب کہ عید کے بعد پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں نوجوان نشے کی لعنت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ابھی تو ایک پنکی پکڑی گئی ہے، نہ جانے کتنی پنکیاں اور ہوں گی اور مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔






