تفصیلات کے مطابق سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ سیف الدین کے ترجمان کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے لیے اراکین کونسل کے دستخط کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور پہلے مرحلے میں 29 خواتین اراکین نے دستخط کیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے پاس کونسل کے 127 ارکان ہیں، جب کہ دیگر جماعتوں کے ارکان سے بھی رابطے جاری ہیں تاکہ میئر کے خلاف تحریک کو کامیاب بنایا جا سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت تحریک عدم اعتماد کے لیے ارکان کی تعداد مقرر نہیں، تاہم اس ایکٹ کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نئے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
یاد رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مخصوص نشستوں سمیت کونسل کے ارکان کی کل تعداد 367 ہے اور میئر کراچی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے کم از کم 185 ووٹ درکار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تحریک انصاف کے منحرف 32 ارکان کی بھی حمایت حاصل ہے، جو ممکنہ سیاسی صورتحال کو پیچیدہ بنا سکتی ہے۔







