تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے گھوٹکی کے علاقے رونتی میں قائم بند کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی اقدامات سمیت ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن عناصر کو قانون کے سامنے سرنڈر کرنا ہے، وہ فوری طور پر کر دیں، کیونکہ حکومت جلد ڈاکوؤں کو بڑا سرپرائز دینے والی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدید ہتھیاروں، جدید ڈرونز اور دیگر آلات کی خریداری کا آرڈر دے دیا گیا ہے، جب کہ کچے کے علاقے میں ریاستی رٹ کے مکمل قیام تک میگا آپریشن ’نجاتِ مہران‘ جاری رہے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے سندھ پولیس کی قربانیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیس کو ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔
ضیا الحسن لنجار نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز نے کچے کے علاقوں میں اگلے مورچوں کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے اور وہاں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچے میں امن کے قیام کا صدرِ پاکستان کا خواب جلد پورا ہوگا اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے میگا آپریشن کے لیے پولیس کو بھرپور حمایت حاصل ہے۔
علاوہ ازیں ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے وزیر داخلہ کو رینج اور مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں کچے کے علاقوں کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے جاری اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔






