امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مینار پاکستان میں اجتماع عام کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ مضبوط اتحاد کررہی ہے جبکہ لاکھوں افراد کے قافلے ملک بھر سے لاہور کی جانب روانہ ہوچکے ہیں۔ قیادت کا کہنا ہے کہ اگر نشستوں کی گنجائش کم پڑی تو خواتین کو ترجیحی طور پر جگہ فراہم کی جائے گی، ان کے لیے بہترین رہائش کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجتماع عام کی اہم خصوصیات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ امسال 42 ممالک سے مندوبین شرکت کریں گے جبکہ یورپ، امریکا اور جنوبی افریقہ سے خصوصی نمائندے بھی لاہور پہنچیں گے۔ قیادت کا کہنا ہے کہ اس اجتماع میں دنیا بھر میں عدل و انصاف کا پیغام دیا جائے گا۔
ان کے مطابق اس بار اجتماع میں یوتھ کا خصوصی سیشن رکھا گیا ہے جس میں نوجوانوں کے مسائل، بزنس فورمز کی مشکلات اور مستقبل کے مواقع پر گفتگو ہوگی۔ قیادت نے اعلان کیا ہے کہ یوتھ کے لیے ایسا پروگرام لانچ کیا جا رہا ہے جس سے نوجوانوں کو محسوس ہوگا کہ "واقعی ان کے سر پر ہاتھ رکھنے والا موجود ہے"۔
انہوں نمے مزید کہا کہ اجتماع عام میں پہلی بار خواتین کو اسٹیج پر آنے اور اپنے مسائل اجاگر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک پورا سیشن فلسطین کے نام کیا جائے گا جس میں جماعت اسلامی عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے مقدمے کو بھرپور انداز میں پیش کرے گی۔
رہنماؤں نے کہا کہ "جنریشن زی کچھ کرنا چاہتی ہے لیکن ان کا ہاتھ پکڑنے والا کوئی نہیں۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم دے رہی ہے جو ان کی توانائی کو مثبت سمت دے گا۔"
ان کے مطابق "میرا برینڈ پاکستان" بھی اس بڑے پروگرام کا حصہ ہوگا، جبکہ اجتماع عام ملک میں سماجی، سیاسی اور اصلاحاتی تحریک کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
واضع رہے کہ قیادت نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مینار پاکستان پر لاکھوں کا سمندر جمع ہوگا اور جماعت اسلامی عام عوام کا حقیقی مقدمہ لڑنے کے لیے اپنا نیا لائحہ عمل پیش کرے گی۔







