لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت کی مالی معاونت کرنے والے 90 فنانسرز کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے پر مزید 31 کیسز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران تنظیم سے جدید اسلحہ، بڑی تعداد میں شیلز اور بلٹ پروف جیکٹس بھی برآمد ہوئی ہیں۔ صوبے میں 84 فیصد آئمہ کرام کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے اور آئندہ چند روز میں یہ عمل سو فیصد تک پہنچ جائے گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ وفاق المدارس کو آن بورڈ کر لیا ہے اور بہت جلد صوبے بھر میں مدارس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ صرف تین ہفتوں میں 6 ہزار 220 افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجا گیا ہے، جب کہ غیر قانونی طور پر افغان شہریوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب کے متعدد اضلاع، جن میں جہلم، چکوال، اٹک، پاکپتن، خوشاب اور بہاولپور شامل ہیں، وہاں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں 70 سے 90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خواتین پر تشدد یا جرائم کے کیسز میں ڈرون سرویلنس کے استعمال کی منظوری بھی دے دی ہے۔