لاہور میں ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی مسلسل ساڑھے 12 سالہ حکومت ایک بھی قابلِ ذکر منصوبہ نہ بنا سکی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کو کھنڈر بنا دیا گیا، ایک اسپتال تک تعمیر نہیں کیا گیا، جب کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب سمیت بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے۔

عطا تارڑ نے پشاور میں ہونے والے پی ٹی آئی جلسے کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے بزدار پلس پلس حکومت کے دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں قید عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کی میگا کرپشن کی، ان کی پالیسیوں نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا، حتیٰ کہ اسپتالوں اور فلاحی منصوبوں کے فنڈز تک میں خورد برد کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فوج نے انڈیا کو عبرتناک شکست دی۔ دشمن ہماری فوج سے خوف کھاتا ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا رعب دشمن پر طاری ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے دورِ حکومت میں انڈیا پر سخت مؤقف اختیار کرنے کی جرأت تک نہیں کی، نہ ہی کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ اس کے باوجود فوج پر الزامات لگانا بدترین ناانصافی ہے۔

عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں انڈین میڈیا پر جا کر فوج کے خلاف بیانات دیتی ہیں، ان کے بیانات انڈیا اور افغانستان کے میڈیا پر چلتے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں پاکستان کے مفادات سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب ان سے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن یا توشہ خانہ کیس کا پوچھا جائے تو فوراً فوج کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نہ انڈیا کے خلاف آواز اٹھائی گئی، نہ قومی سلامتی کے معاملات پر کوئی سنجیدہ مؤقف سامنے آیا۔

عطا تارڑ نے ایک بار پھر نو مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں پی ٹی آئی کی اہم خواتین شامل تھیں، انہوں نے وہ کام کیا جو دشمن بھی نہ کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے میں مسلسل ملوث ہیں، جس پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔