وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے موجودہ نظام کو ناکام قرار دینے اور نئے انتظامی یونٹس کی تجویز کے بعد سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ ان پر تنقید کرنے والوں میں وزیر دفاع خواجہ آصف بھی شامل ہیں۔

وزیر دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں انقلاب لانے کا مطالبہ کیا۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ نقوی صاحب! سسٹم ہر وقت ارتقا پذیر ہوتا ہے اور ہونا بھی چاہیے۔ نمونے کے طور پر آپ پی سی بی میں کوئی انقلاب لے آئیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کرکٹ کے شائقین پی سی بی کی کارکردگی سے اتنے مطمئن نہیں ہیں۔ کرکٹ بورڈ میں تو مکمل اختیار آپ کے پاس ہے، نہ کوئی وزیراعظم یا پارلیمنٹ رکاوٹ ہے اور نہ ہی کوئی فرسودہ سیاسی نظام۔