لاہور میں پنجاب پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نئی خواتین کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کا دن نہ صرف ان خواتین کے لیے بلکہ پورے پنجاب کے لیے باعثِ فخر ہے، ایک ہزار ایک سو سے زائد خواتین کیڈٹس کی پولیس فورس میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خواتین آج ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ انہیں بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب اس بات پر خصوصی خوشی ہے کہ صوبہ خواتین کو بااختیار بنانے، انہیں قیادت کے مواقع فراہم کرنے اور قومی ترقی میں شریک کرنے کے حوالے سے ملک میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے، حکومت نے خواتین کی تعلیم، روزگار، سیکیورٹی اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں متعدد عملی اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں پہلے ہی چار ہزار سے زائد خواتین مختلف عہدوں پر فرائض انجام دے رہی ہیں، جبکہ نئی بھرتیوں سے فورس مزید مضبوط اور مؤثر ہوگی، خواتین کی موجودگی سے نہ صرف پولیسنگ کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ عوام خصوصاً خواتین اور بچوں کو انصاف کے حصول میں بھی آسانی میسر آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پنجاب کی خواتین صرف پولیس تک محدود نہیں بلکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، ضلعی انتظامیہ، عدلیہ، کابینہ، پارلیمنٹ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر اہم ریاستی اداروں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہی،  یہ خوش آئند حقیقت ہے کہ خواتین آج قیادت کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین، جو آبادی کا نصف سے بھی زیادہ حصہ ہیں، ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کریں، اس معاشرے کی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت خواتین کی تعلیم، ہنرمندی، روزگار اور قیادت کے مواقع میں مزید اضافہ کرے گی تاکہ وہ قومی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

مزید پڑھیں: باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟ مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاسنگ آؤٹ کرنے والی خواتین اہلکاروں کی سخت تربیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی، سخت جسمانی مشقوں اور بھاری اسلحہ کے ساتھ پریڈ میں شرکت ان کے حوصلے، عزم اور وطن سے محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین پنجاب پولیس کے روشن مستقبل کی نمائندہ ہیں۔

انہوں نے نئی پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وردی پہننے کے بعد ان پر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ عوام ان سے انصاف، تحفظ، دیانت داری اور بہترین رویے کی توقع رکھتے ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ قانون کی بالادستی کو ہر حال میں یقینی بنائیں اور اپنے کردار سے پنجاب پولیس کا وقار مزید بلند کریں۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ کرنے والی خواتین کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، خواتین کی نمائندگی بڑھانے اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اپنی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ صوبے میں امن، انصاف اور عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو سکے۔