آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ٹانک ڈسٹرکٹ میں کی گئی جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لینے پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 7 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

ایک اور کارروائی لکی مروت ڈسٹرکٹ میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دونوں مقامات سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کی تلاش کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی ہدایات کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے نام سے جاری ملک گیر کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں کامیاب کارروائیوں پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، فورسز کی جرات اور پروفیشنل ازم پر قوم کو فخر ہے۔ خیبر پختونخوا میں قیامِ امن کے لیے فورسز پوری طرح پرعزم ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے فتنہ الخوارج کے خلاف بڑی کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔