قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود گزشتہ 34 ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کل تک ملاقات نہ کرائی گئی تو پی ٹی آئی بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کرے گی۔
بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اس معاملے پر رولنگ دینے کا مطالبہ کیا، جس پر اسپیکر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی اس ایوان کے رکن ہوتے تو وہ پروڈکشن آرڈر جاری کر دیتے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کے لیے تین بار ایک میز پر بٹھایا گیا، لیکن آپ لوگ نہیں آئے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف پاکستان تحریکِ انصاف کے ارکان نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہوگا، کیونکہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔







