سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے قریب پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کوہاٹ کے قریب جنڈ اور خوشحال گڑھ پل کے علاقے میں ایک مشتبہ شخص، جو مبینہ طور پر خارجی دہشت گرد تھا، کھیتوں کے راستے آگے بڑھ رہا تھا۔ اسی دوران اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاؤں منکور کے رہائشی لیاقت نے اسے روک کر شناخت طلب کی۔
شناخت پوچھے جانے پر خودکش حملہ آور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں بہادر شہری لیاقت موقع پر شہید ہوگئے، جب کہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خارجی دہشت گرد کا مقصد بین الصوبائی علاقے میں واقع ایک حساس چیک پوسٹ تک پہنچنا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شہری کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو روک دیا۔ شہید لیاقت پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے۔






