کویتی سرکاری گزٹ "کویت الیوم" میں شائع ہونے والے فرمان کے مطابق معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور فوجی تربیت، عسکری تعلیم، مسلح افواج کے باہمی تعاون اور دیگر دفاعی شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے پر دونوں ممالک کے قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت فوجی تربیت، لاجسٹک تعاون، فوجی اہلکاروں، تکنیکی ماہرین اور دفاعی ماہرین کے تبادلے، سائنسی و تکنیکی تعاون، فوجی انٹیلی جنس کے تبادلے اور باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک سالانہ منصوبے اور ایگزیکٹو پروٹوکول تیار کریں گے، جبکہ سرکاری وفود کے باقاعدہ تبادلوں کے ذریعے دفاعی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے پاکستان اور کویت پر مشتمل ایک مشترکہ فوجی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جو معاہدے پر عمل درآمد، رابطہ کاری اور پیش رفت کی نگرانی کرے گی۔ دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی جانب سے نامزد نمائندے اس کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جبکہ کمیٹی سال میں ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرے گی۔
Kuwait approves Defence Cooperation Agreement with Pakistanhttps://t.co/aSScP2M6hN pic.twitter.com/mOTqljUlB1
— The Times Kuwait (@thetimesq8) July 26, 2026
معاہدے میں خفیہ معلومات کے تحفظ سے متعلق خصوصی شقیں بھی شامل ہیں، جن کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے سے حاصل ہونے والی خفیہ معلومات، دستاویزات یا مواد کو تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے۔ یہ رازداری معاہدے کے خاتمے کے بعد بھی برقرار رہے گی۔
مالی امور کے حوالے سے معاہدے میں باہمی مساوات کا اصول اختیار کیا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری دوروں کے دوران میزبان ملک مہمان وفود کے اندرونِ ملک سفری اخراجات، رہائش اور ہنگامی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔
معاہدے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس کی کسی شق سے دونوں ممالک کے دیگر بین الاقوامی معاہدوں کے تحت حاصل حقوق اور ذمہ داریوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، جبکہ معاہدے کی تشریح یا عمل درآمد سے متعلق کسی بھی اختلاف کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا اور اسے کسی ملکی یا بین الاقوامی عدالت یا تیسرے فریق کے پاس نہیں لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پایا تھا۔






