کوئٹہ کے نواحی علاقے اغبرک میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد ایک بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا جس میں جدید ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ آپریشن انٹیلیجنس بنیادوں پر کیا گیا اور اس کا مقصد دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنا تھا۔

واضع رہے کہ حکومتی سطح پر اس کارروائی کو انسداد دہشت گردی کے اقدامات کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا متعلقہ حکام کو دیں۔