وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی اس بڑی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر فعال آن لائن فراڈ گروہ کے خلاف کامیاب ایکشن لیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ملزمان شہریوں کو بھاری منافع کا لالچ دیتے، جعلی لاگ اِنز کے ذریعے انہیں اصل انویسٹمنٹ پورٹل کا تاثر دیتے تھے، جب کہ جعلی اکاؤنٹس میں مصنوعی منافع دکھا کر لوگوں کو مزید رقم جمع کرانے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینجز، 6 غیر قانونی گیٹ ویز، 10 ہزار سے زائد موبائل سمز، ہزاروں انٹرنیشنل سمز، 37 کمپیوٹرز اور 40 موبائل فون برآمد کیے گئے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کے مطابق گرفتاریاں ڈی ایچ اے فیز ون اور فیز سکس سے کی گئیں، جب کہ تحقیقاتی ٹیم تکنیکی بنیادوں پر مزید شواہد جمع کرنے میں مصروف ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے این سی سی آئی اے کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔