مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر 6-جی میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث ایک بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ بچے کی شناخت دلبر علی کے نام سے ہوئی، جو گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں جا گرا۔

واقعے کے فوراً بعد علاقہ مکینوں نے بروقت کوشش کرتے ہوئے بچے کو گٹر سے نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بعد ازاں ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو میں متوفی کے نانا نے بتایا کہ دلبر ماں باپ کا اکلوتا بچہ تھا، جب کہ اس کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے تمام گٹر کھلے ہوئے ہیں، لیکن اس کے باوجود متعلقہ حکام نے کوئی اقدام نہیں کیا۔

متوفی کے خالو کے مطابق وہ پڑوس میں ہی کام کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد وہ اور بچے کے والد موقع پر پہنچے اور انہوں نے ہی بچے کو باہر نکالا۔ خالو نے بتایا کہ میں نے رسہ باندھ کر خود گٹر میں اتر کر بچے کو نکالا۔

دوسری جانب، ملیر جناح اسکوائر ابراہیم مسجد کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران ایک اور شخص دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔

رضاکار تنظیم ایدھی کے مطابق لاش کو ایمبولینس کے ذریعے تھانہ ملیر سٹی منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ متوفی کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ اس کی عمر تقریباً 35 سے 40 سال بتائی جا رہی ہے۔