شہر کے مختلف علاقوں، جن میں نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن شامل ہیں، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ اسی طرح کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن کے علاقوں میں بھی تیز آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

آندھی کے ساتھ گرج چمک بھی دیکھنے میں آئی، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ معین آباد، عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاؤن، گلشن اقبال، ڈیفنس کے مختلف فیزز، اختر کالونی، کشمیر کالونی اور نارتھ کراچی کے متعدد علاقوں میں بھی بجلی بند رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں درخت بھی گر گئے۔ کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب ایک درخت گرنے سے دو افراد اس کے نیچے پھنس گئے، جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر ایک بل بورڈ بھی گر گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ایک عمارت کی دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر آ گری۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رہائشی عمارت نہیں تھی، تاہم پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر موجود ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شاہ لطیف کے علاقے مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ قائد آباد کی مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات مزید بارش کا امکان نہیں، تاہم کل دوپہر کے بعد شہر میں بارش متوقع ہے۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔