ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کے فور منصوبہ عوام سے کیا گیا وہ وعدہ ہے جس کے تحت صاف اور وافر پانی فراہم کیا جائے گا۔ سندھ حکومت کے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقتی طور پر ٹریفک میں مشکلات ضرور ہیں مگر یہ مستقل حل کی طرف پیش رفت ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ تعاون کریں کیونکہ یہ منصوبے انہی کے بہتر مستقبل کے لیے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کے فور، ریڈ لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبے محض تعمیراتی سرگرمیاں نہیں بلکہ سندھ حکومت کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد کراچی کو جدید اور سہولیات سے آراستہ شہر میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام منصوبوں کی رفتار تیز کی گئی ہے اور جہاں کہیں عوامی مشکلات ہیں وہاں فوری حل نکالا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے، بہت جلد کراچی کے شہری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات خود محسوس کریں گے۔