اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم سے پہلے کا کراچی دہشت اور خوف کی علامت نہیں بلکہ زندگی، امن اور رواداری کا شہر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قیام سے قبل کراچی بھتہ خوری، کھالوں کے لیے قتل، بوری بند لاشوں اور لسانی تعصب جیسی برائیوں سے پاک تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوام تاریخ سے بخوبی واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ شہر میں امن کس نے قائم کیا اور کون کراچی کو تشدد اور بوری بند لاشوں کی سیاست کی طرف لے گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کے مسائل سیاسی نعروں اور شعبدہ بازی سے حل نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات ہی مسائل کا حل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں اور آج شہر میں جو ترقی نظر آ رہی ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی ترقی کا کریڈٹ اپنی جماعت کو دینے والے یہ حقیقت فراموش نہ کریں کہ کراچی کے عوام سب کچھ جانتے ہیں اور شہر کی خدمت کرنے والوں کو پہچانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی نفرت، تقسیم اور تعصب کا نہیں بلکہ ترقی، امن، بھائی چارے اور اتحاد کا شہر ہے، جسے منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی کے ہر شہری کی خدمت کے لیے پرعزم ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی زبان، نسل یا سیاسی جماعت سے ہو۔






