کراچی کی فضائی حدود میں طیاروں کو گلوبل پوزیشننگ سسٹم یعنی جی پی ایس سگنل میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب ایک غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل جی پی ایس سگنل میں خلل کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق طیارے کے کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول کو اس صورتحال سے آگاہ کیا۔

ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو لینڈنگ میں معاونت فراہم کی جس کے نتیجے میں طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ واقعے کے دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ حالیہ دنوں میں کراچی کی فضائی حدود میں جی پی ایس سگنل میں غیر معمولی خلل کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ جی پی ایس سگنل میں اس قسم کی رکاوٹیں فضائی ٹریفک کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔


اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ جی پی ایس سگنل میں خلل کی ممکنہ وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ تکنیکی اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ اس واقعے کی مکمل رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

واضع رہے کہ تاحال حکومت یا کسی اعلیٰ سطحی ادارے کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فضائی حدود میں طیاروں کی محفوظ پرواز کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔