پولیس کے مطابق گلشنِ اقبال بلاک 2 میں واقع ایک عمارت کے پہلی منزل پر موجود فلیٹ میں گیس لیک ہونے کے باعث زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں فلیٹ میں آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔

حادثے کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں شدید دھند، کون کون سی شاہراہ بند ہے؟

دوسری جانب ایف بی انڈسٹریل ایریا بلاک 21 میں تولیے بنانے والی ایک فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں مصروف رہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

پولیس اور ریسکیو اداروں نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو گیس اور بجلی کے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔