نجی ٹی وی کے مطابق اورنگی ٹاؤن پیر آباد میں واقع بینک برانچ میں مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور 50 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق بینک میں 4 سے 5 ڈاکوؤں نے واردات کی، جن میں سے 3 مسلح ملزمان بینک کے اندر داخل ہوئے جبکہ 2 باہر موجود رہے۔ ملزمان نے گارڈ سے پستول اور رائفل چھیننے کے بعد کاؤنٹر سے نقدی لوٹ لی۔

پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان واردات کے بعد بینک کا دروازہ لاک کر کے فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے 50 سے 60 لاکھ روپے کے درمیان رقم لوٹی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

پولیس کے مطابق بینک اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ سی پی ایل سی حکام کے مطابق مارچ 2026 کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے دوران مجموعی طور پر 3027 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں جبکہ 440 چھینی گئیں، شہری 1265 موبائل فونز سے محروم ہوئے، 140 کاریں چوری ہوئیں جبکہ 17 گاڑیاں چھینی گئیں۔