ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت 17 سالہ کومل کے نام سے کی گئی۔ جاں بحق لڑکی فرسٹ ایئر کی طالبہ تھی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اہلخانہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ کورنگی نمبر چھ کی مارکیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پیش آیا۔ مقتولہ اپنی والدہ اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ نانی کے گھر سے آرہی تھی اور حادثے کا شکار ہوگئی۔

اہلخانہ کے مطابق مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور بھی بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، لیکن زخمی رکشہ ڈرائیور کہاں گیا، اس بارے میں کچھ علم نہیں۔ والد کے مطابق مقتولہ کومل دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ مبینہ پولیس مقابلے میں مولا بخش نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جب کہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ عوامی کالونی تھانے کی حدود میں دو ڈاکو بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے تین لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ کورنگی نمبر چھ مارکیٹ میں پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوا۔ دوسرا ڈاکو لوٹی ہوئی رقم کے ساتھ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ گولی چلتے ہوئے رکشے پر لگی، لیکن مقتولہ طالبہ کو کس کی گولی لگی، اس کا تعین نہیں ہوسکا۔

 واقعے کی انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے اور ایس ڈی پی او لانڈھی فائزہ سوڈھر انکوائری کر رہی ہیں، جس میں ایس ایچ او لانڈھی اور ایس آئی او عوامی بھی شامل ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ اگر واقعے میں پولیس کی غفلت یا لاپروائی ثابت ہوئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔