تفصیلات کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مریم نواز شریف نے آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا سفاکانہ قتل انتہائی تکلیف دہ ہے اور ذمہ دار عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیا، جب کہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی ماڈل ٹاؤن سمیت اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور مشتبہ افراد کی چیکنگ جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جب کہ علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے کر جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ فرانزک اور تفتیشی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر رہی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

دوسری جانب پولیس نے مقتول بچوں کے ایک قریبی رشتہ دار، چچا کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ مزید تفتیش کے لیے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن زیشان رضا بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے صبر کی دعا کی ہے، جب کہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔