پولیس ترجمان نے بتایا کہ نیو ایئر نائٹ پر شہر بھر میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث 29 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ ون ویلنگ، ناجائز اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 65 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 رائفلیں، 3 پمپ ایکشن گنز، 23 پستول اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ برآمد ہونے والا اسلحہ ریکارڈ کے مطابق چیک کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس اے، ڈیفنس بی اور فیکٹری ایریا سے 16، جنوبی چھاؤنی، شمالی چھاؤنی اور مصطفیٰ آباد سے 9 افراد گرفتار کیے گئے۔ باغبانپورہ اور غازی آباد سے 4 جب کہ مناواں، باٹا پور، برکی اور ہئیر کے علاقوں سے 7 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گجرپورہ اور گڑھی شاہو سے بھی متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی، نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ، 25 افراد زخمی، 41 ملزمان گرفتار

پولیس نے بتایا کہ آتش بازی کے واقعات پر 9 مقدمات درج کیے گئے ہیں جب کہ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں قانونی کارروائی جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور سڑکوں پر خطرناک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے آئندہ بھی سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

لاہور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن کے موقع پر قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فوری طور پر پولیس کنٹرول روم کو دیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔