پولیس کے مطابق انمول اور آمنہ نامی خواتین کو مبینہ چوری اور فراڈ کے الزام میں شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ویمن پولیس سٹیشن منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ پولیس کے مطابق انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں خواتین کا سابقہ ریکارڈ موجود تھا اور بظاہر وہ منشیات استعمال کرنے کی عادی تھیں۔ تاہم پولیس کے مطابق ان کی موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ پر مبنی انکوائری جاری ہے۔