میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیے گئے 25 طلبہ کے خلاف مختلف نوعیت کی تادیبی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے جاری کردہ فیصلے کے تحت 6 طلبہ کو یونیورسٹی سے خارج کر دیا گیا، 13 طلبہ کو موجودہ سمسٹر سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ 6 طلبہ پر 5 ہزار سے 15 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق چند روز قبل یو ای ٹی کے ایک طالب علم کی ہلاکت کے بعد طلبہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ مظاہرین نے طالب علم کی موت کے واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔

احتجاج کے دوران یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انضباطی کارروائی کا آغاز کیا۔

یو ای ٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انضباطی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ طلبہ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق تمام متاثرہ طلبہ کو یونیورسٹی کے قوانین کے تحت فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور اگر کوئی طالب علم اپیل دائر کرتا ہے تو اس پر قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔