لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق سرائے نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس سے ڈیوٹی پر مامور تین ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شہید ہوئے۔

ترجمان کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گرد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ منڈان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی پر تھانہ منڈان جا رہا تھا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکار فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ صوبائی حکومت پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع لکی مروت میں فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعے میں شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

صدر علی زرداری نے لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدرِ مملکت نے شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔