کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کچھ افراد کے اقتدار میں آنے کی سوچ اور طریقہ کار بالکل مختلف ہوتے ہیں، جب کہ بلاول بھٹو زرداری جب بھی وزیرِ اعظم بنیں گے تو عوامی طاقت کے ذریعے بنیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کل پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد کو 58 برس مکمل ہو رہے ہیں اور اس موقع پر پورے ملک میں 100 سے زائد مقامات پر پارٹی کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بڑی اسکرینوں کے ذریعے بلاول بھٹو زرداری کا خطاب براہِ راست دکھایا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی فکر ہمیشہ جمہوری رہی ہے، پارٹی کا بیانیہ اور جدوجہد ہمیشہ پاکستان اور عوام کے لیے رہی ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں۔
Quaid-e-Awam Shaheed Zulfikar Ali Bhutto, founded the Pakistan Peoples Party as a voice for the rights of the people, farmers, and laborers in Pakistan.
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) November 29, 2025
Tomorrow, on its 58th Foundation Day, over a hundred gatherings will be held across the country, where the Chairman Pakistan… pic.twitter.com/RYFlgGLd9F
گورنر کی تبدیلی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کس کی شیروانی تیار ہو رہی ہے، یہ نہیں معلوم، تاہم گورنر کی تبدیلی وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے۔
عمران خان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا ہوا ہے، سب کے سامنے ہے۔ وہ جیل میں بہتر کھانا بھی کھا رہے ہیں اور تمام سہولیات بھی موجود ہیں۔ عمران خان پر جیل میں کوئی تشدد نہیں کیا جا رہا، لیکن وہ پہلے دن سے ملک کے خلاف سازشوں میں ملوث رہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کراچی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت الطاف نامی شخص کے ہاتھوں میں دیا گیا تھا۔ لندن والے بانی نے کراچی کو اسلحہ، بھتہ کلچر اور بوری بند لاشوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں ہیروئن کلچر، بھتہ کلچر اور بوری بند لاش کلچر پھیلایا گیا، تاہم اب شہر میں صفائی کا عمل جاری ہے اور پانی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔






