تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لوئر چترال کے علاقے دروش ارندو میں ڈومیل کے مقام پر پیش آیا۔ لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم نے اس حوالے سے بتایا کہ آج بروز جمعہ بعد دوپہر شدید برف باری کے باعث مقامی رہائشی باچا گل کے مکان پر برفانی تودہ گر گیا۔

ان کے مطابق مکان میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد موجود تھے۔ تودہ گرنے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہو گئے، جن کی لاشیں ایک مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد نکال لی گئیں، تاہم ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق اس حادثے میں چار خواتین اور پانچ مرد جاں بحق ہوئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید برف باری کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع لوئر چترال کے علاقے ڈومیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے کے افسوسناک واقعے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے۔

انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے)، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ہر صورت ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔