ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی زکوٰۃ، خیرات اور عطیات صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو ہی دیں۔ تمام رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے کی جا سکتی ہے تاکہ امداد صحیح حقدار تک پہنچے اور کسی دہشت گرد یا ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث تنظیم کے ہاتھ نہ لگے۔

محکمہ داخلہ نے کہا کہ پنجاب میں خیراتی اداروں کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازمی ہے اور غیر رجسٹرڈ اداروں کو دی جانے والی امداد غیر قانونی شمار ہوگی۔

کالعدم تنظیموں کی فہرست میں ملک بھر کے خطرناک گروہ شامل ہیں، جن میں لشکر جھنگوی، سپاہ محمد پاکستان، جیش محمد، الرحمت ٹرسٹ بہاولپور، الفرقان ٹرسٹ کراچی، لشکر طیبہ، سپاہ صحابہ پاکستان، تحریک جعفریہ پاکستان، تحریک نفاذ شریعت محمد، تحریک اسلامی، القاعدہ، ملت اسلامیہ پاکستان، خدام الاسلام، اسلامی تحریک پاکستان، جمعیت الانصار، جماعت الفرقان، حزب التحریر، خیر الناس انٹرنیشنل ٹرسٹ، بلوچستان لبریشن آرمی، اسلامک سٹوڈنٹس موومنٹ آف پاکستان، لشکر اسلامی، انصار السلام، تحریک طالبان پاکستان، بلوچستان رپبلیکن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ، لشکر بلوچستان، بلوچ بنیاد پرست آرمی، داعش، تحریک آزادی جموں و کشمیر اور متعدد دیگر شامل ہیں۔

ترجمان نے شہریوں سے کہا کہ اگر کسی کالعدم تنظیم کی جانب سے چندہ یا عطیات جمع کرنے کی اطلاع ملے تو فوری طور پر محکمہ داخلہ کو اطلاع دیں۔ شہری یہ شکایات ٹال فری نمبر 080011111 یا ہیلپ لائن نمبر 04299213871 پر بھیج سکتے ہیں۔

شہری رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن کے واٹس ایپ نمبر  03134995564  پر 24/7 گھنٹے میسج بھیج کر تصدیق حاصل کر سکتے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے اس اقدام کو شہریوں کی حفاظت اور قانونی طریقے سے امداد کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔