ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت محرم الحرام کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے افسران کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئیں، جب کہ مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ حساس مقامات پر پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے تمام افسران کو امام بارگاہوں کے منتظمین اور ضلعی امن کمیٹیوں کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

محمد جواد طارق نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور راستوں میں موجود جھاڑیوں اور خود رو پودوں کی بروقت صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سکیورٹی خدشے سے نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر مؤثر چیکنگ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی نگرانی، سرویلنس اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے مکمل چیکنگ کی جائے گی، جب کہ محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس چوبیس گھنٹے متحرک رہے گی۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور دارالحکومت میں پرامن ماحول کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔