پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں مستقبل میں مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شراکت داری وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ایم/ایس اے ایف سیٹ، استنبول نیول شپ یارڈ اور ملگیم منصوبے سے وابستہ تمام اداروں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تعمیر میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی اور ترک بحری افواج کے درمیان دوطرفہ روابط نہ صرف دفاعی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ شراکت داری کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

تقریب کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے جہاز کے عملے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترک صدر اور چیف آف دی نیول اسٹاف کے درمیان خطے کی بحری سلامتی اور مستقبل میں پاکستان نیوی اور ترک بحری افواج کے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے لیطانی کے جنوبی علاقوں میں ہتھیاروں کی موجودگی کے خاتمے کا پہلا مرحلہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، لبنانی وزیراعظم

پی این ملگیم کلاس جہاز جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس سطحی جنگی پلیٹ فارمز ہیں، جن میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز، جدید ہتھیار اور جدید سینسرز نصب ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے لیے چار ملگیم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ 2018 میں وزارت دفاعی پیداوار پاکستان اور ترکیہ کی کمپنی اے ایف سیٹ کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت دو جہاز ترکیہ اور دو پاکستان میں تعمیر کیے جانے تھے۔ پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کے ساتھ ترکیہ میں تعمیر ہونے والے دونوں جہازوں کی تکمیل ہو گئی ہے۔