محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے ایک مغربی ہوائی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگی، جب کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔ خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں 2 جولائی سے ملک کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، کہیں کہیں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں یکم سے 5 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، پشاور، مردان، کرم، خیبر، وزیرستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت متعدد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر شدید بارش متوقع ہے۔

پنجاب میں یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ اور دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جب کہ 3 سے 6 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں یکم سے 5 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی کے دوران بارشیں متوقع ہیں۔ سندھ میں 3 اور 4 جولائی کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شکارپور، خیرپور اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 سے 5 جولائی کے دوران کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جب کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں یکم سے 4 جولائی کے دوران شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جب کہ کسانوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے اور مویشیوں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری شدید گرمی اور حبس کی شدت میں بتدریج کمی آنے کی توقع ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔