زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 13 کلو میٹر تھی۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی نسبتاً کم گہرائی میں ہونے کے باعث جھٹکے زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔

سندھ کے علاقوں محراب پور، ہالانی، میہڑ، دادو اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے مشرقی علاقے زہری اور گردونواح میں بھی زمین لرزنے سے شہری گھبراہٹ کا شکار ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے، جس کے باعث گھروں میں رکھے سامان ہلنے لگا اور بعض مقامات پر دیواروں میں معمولی دراڑیں پڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی قسم کے جانی نقصان یا بڑے مالی خسارے کی اطلاع نہیں ملی۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ آفٹر شاکس کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر خستہ حال عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں۔