تفصیلات کے مطابق محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بادشاہی مسجد لاہور میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جبکہ کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی معتبر شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون بروز بدھ کو ہوگی، جب کہ یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ منایا جائے گا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام اتحاد اور اخوت کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ کو جنتی نوجوانوں کا سردار قرار دیا، لہٰذا ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔
بعد ازاں وزارتِ مذہبی امور نے بھی محرم الحرام کے آغاز سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق ملک بھر میں یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون بروز بدھ کو ہوگی۔






